میر تقی میرؔ پر ناچیز کا تحقیقی مقالہ

مبارک علی مبارکی

میر تقی میرؔ کا اصل نام میر محمد تقی اور تخلّص میرؔ تھا _ باپ دادا کے نام سے کسی کو کوئی مطلب نہیں ہونا چاہئے کیونکہ وہ لوگ شاعری نہیں کرتے تھے _
      کب کہاں اور کیوں پیدا ہوئے اِس سے بھی کسی کو کوئی سروکار نہیں ہونا چاہئے _ وہ دہلی میں پیدا ہوئے ہوں یا جُھمری تلیّا میں اِس سے کیا فرق پڑتا ہے ؟ ہاں تمام محقّقین اِس بات پر متفق ہیں کہ میرؔ کہیں نہ کہیں پیدا ہوئے تھے _
      میرؔ بچپن سے ہی بڑے ضدّی واقع ہوئے تھے _ اپنی بیجا ضِدیں منوانے کے لئے چیخ  چیخ کر رونا اُن کی عادت رہی تھی _ کبھی روتے روتے سو جاتے تو اُن کی والدہ گھر والوں کو اونچی آواز میں بات کرنے سے منع کرتی تھیں اور کہتی تھیں
            سرہانے  میرؔ  کے   آہستہ   بولو
           ابھی ٹک روتے روتے سو گیا ہے
      میرؔ بڑے ہوئے تو یہ چیخ چیخ کر رونے کی عادت اُن کی فطرت بن گئی _ رات کو ڈیوٹی سے واپس آتے تو کھانا وغیرہ کھا کر بلاوجہ رونا شروع کر دیتے _ رات رات بھر روتے رہتے تھے _
      ظاہر ہے پڑوسیوں کی نیند خراب ہوتی تھی _  ایک پڑوسی کی قوّتِ برداشت جواب دے گئی تو اُس نے میرؔ کے رونے کا ایک آڈیو کیسیٹ بناکے پولیس میں رپورٹ کردی اور کہا
             جو اِس شور سے میرؔ روتا رہیگا
             تو ہمسایہ کاہے  کو  سوتا  رہیگا
    اُس زمانے میں میرؔ دلّی کے ایک محلّے میں رہتے تھے _دہلی پولیس نے اُنہیں گرفتار کرکے عدالت میں پیش کیا تو جج صاحب نے گواہوں کے بیانات تو نہیں البتّہ آڈیو کیسیٹ سُننے کے بعد میرؔ کو مجرم قرار دیا اور اُنہیں دلّی سے تڑی پار کرنے کا حکم صادر فرما دیا اور میرؔ کو دلّی چھوڑنی پڑی _
         تڑی پار ہو کر میرؔ نے دلّی کے پورب کی طرف چلنا شروع کردیا اور چلتے چلتے مشرقی بنگال (موجودہ بنگلہ دیش) پہنچ گئے _  وہاں اُن کے لئے رہائش کا مسئلہ پیدا ہوگیا کیونکہ اُنکے پاس نہ تو ووٹر آئی ڈی کارڈ تھا اور نہ آدھار _ کوئی اُنہیں گھر دینے کو تیّار نہ ہوتا تھا _ مکان مالک اُنکا میلا کچیلا لباس دیکھ کر مذاق اُڑاتے اور پوچھتے کہ کون ہو؟ کہاں سے آئے ہو؟ اور میر کا جواب کچھ یوں ہوتا
         کیا بود و باش پوچھو ہو پورب کے ساکنو
         ہم کو غریب جان کے ، ہنس ہنس پکار کے
         دلّی جو ایک شہر  تھا عالم  میں  انتخاب
         رہتے  تھے منتخب  ہی  جہاں  روزگار  کے
         اُس  کو  فلک  نے  لوٹ  کے  ویران کر دیا
         ہم  رہنے  والے  ہیں  اُسی  اُجڑے  دیار کے
    خیر, بڑی مشکلوں سے سرچُھپانے کو ایک چھت نصیب ہوئی _ لیکن اب ایک نئی مصیبت نے گھیرلیا _
        میرؔ کو ایک ہندو لڑکی سے عشق ہوگیا _ لڑکی بھی میرؔ کو چاہنے لگی _ لیکن ان کے پیار کے درمیان مذہب کی دیوار آڑے آ گئی _
       لیکن دیوار چونکہ امبوجا سیمِنٹ سے نہیں بنی تھی اِس لئے اِسے توڑنا ناممکن نہیں تھا _لہٰذا میرؔ نے اپنے پیار کو پانے کے لئے “گھر واپسی” یعنی ہندو دھرم اپنانے کا فیصلہ کرلیا _
    پھر جب وہ لڑکی کے باپ کے پاس لڑکی کا ہاتھ مانگنے گئے تو اُسے شک ہوگیا کہ یہ مسلمان ہے _ اُس نے میرؔ سے کہا کہ تم تو مسلمان لگتے ہو میں اپنی بیٹی کا ہاتھ تمہارے ہاتھ میں کیسے دے سکتا ہوں؟
      اِس پر میرؔ نے کہا کہ
میرؔ کے دین و مذہب کو کیا پوچھتے ہو کب اُن نے تو
قشقہ  کھینچا  دیر  میں بیٹھا کب کا ترک اسلام کیا
        اور پھر شاید شادی ہو ہی گئی کیونکہ میرؔ کا دل رفتہ رفتہ کمزور ہوتا گیا _ بہت علاج کروایا گیا_ ای سی جی سے لیکر بائی پاس سرجری تک سب کچھ کروایا گیا _لیکن
اُلٹی ہو گئیں سب تدبیریں کچھ نہ دوا نے کام کیا
دیکھا  اِس  بیماریٔ  دل  نے   آخر   کام   تمام   کیا
         ﷲ تعالیٰ سے دعا ہے کہ میرؔ کو جنّت الفردوس میں ایک ساؤنڈ پروف کمرہ عطا فرمائے تاکہ اُن کے شعرِ شور انگیز یعنی رونے دھونے کی آواز سے پڑوسی جنّتیوں (اور حُوروں) کو کوئی تکلیف نہ پہنچے _ آمین !
(مبارک علی مبارکی)
نوٹ :– ایم اے(اردو) کے طلباء و طالبات اِس مقالے سے بغیر اجازت اپنی ذمّہ داری پر استفادہ کر سکتے ہیں_


آپ اسے کتنے ستارے دینا چاہیں گے؟


Show More

1 thought on “میر تقی میرؔ پر ناچیز کا تحقیقی مقالہ”

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Close